26.6 C
Islamabad
بدھ, مئی 14, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںاوپیک پلس ملکوں نے تیل کے یومیہ پیداواری ہدف کو 20 لاکھ...

اوپیک پلس ملکوں نے تیل کے یومیہ پیداواری ہدف کو 20 لاکھ بیرل کم کرنے کا فیصلہ اقتصادی وجوہات پر کیا ،سعودی عرب

- Advertisement -

جدہ۔12اکتوبر (اے پی پی):سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ اوپیک پلس ملکوں نے تیل کے یومیہ پیداواری ہدف کو 20 لاکھ بیرل تک کم کرنے کا حالیہ فیصلہ خالصتاً اقتصادی وجوہات کی بنا پر کیا ہے۔یہ بات انہوں نے ملکی چینل کو انٹرویو کے دوران کہی۔

شہزادہ فیصل نے کہا کہ اوپیک پلس ملکوں کا فیصلہ خالصتاً اقتصادی بنیاد پر اور متفقہ طور پر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اوپیک پلس ممالک نے ذمہ داری سے کام کیا اور مناسب فیصلہ کیا،یہ ممالک مارکیٹ میں استحکام اور پروڈیوسرز اور صارفین کے مفادات کو تحفظ دینے کے خواہاں ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ریاض اور واشنگٹن کے درمیان سٹریٹجک تعلقات ہیں جو علاقائی سلامتی کی حمایت کرتے ہیں، ہمارافوجی تعاون دونوں ممالک کے مفاد میں ہے اور اس نے خطے کے استحکام میں کردار ادا کیا ہے۔

- Advertisement -

روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے حوالے سے شہزادہ فیصل نے کہا کہ ہم یوکرینی بحران کے فریقین کو تنازعےکے خاتمے کے لیے بات چیت کی طرف لانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن میں جنگ بندی کو بڑھانے کی کوششیں جاری ہیں، یمنی حکومت نے ملکی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی کوششوں میں بڑی لچک اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔

سعودی عرب اور چین کے درمیان تعلقات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شہزادہ فیصل نے کہا کہ یہ سب سے پہلے اقتصادی ہیں،اسی تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان کئی مشترکہ منصوبے جاری ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عراق اس سیاسی بحران پر قابو پالے گا جو اس وقت اسے متاثر کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ تیل برآمد کرنے والے اوپیک پلس ملکوں کے وزرائے توانائی نے گزشتہ ہفتے ہونے والے اجلاس میں پیداواری کٹوتیوں پر اتفاق کیا تھا جو آئندہ ماہ سے نافذ العمل ہوں گی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=332180

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں