اوگرا نےمئی2024 کیلئےآر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا

166
Ogra
Ogra

اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق سوئی کمپنیوں کی مئی 2024 کے لئے ری گیسفائیڈ لیکوئڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی قیمتوں کا تعین کر کے اضافہ کر دیا ہے جس کا اطلاق یکم مئی 2024 سے ہوگا ۔ ترجمان اوگرا عمران غزنوی کے جاری بیان کے مطابق آر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سپلائی کی لاگت میں اضافہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے صارفین کے لیے قیمتوں میں گزشتہ ماہ (اپریل 2024) کے مقابلے میں آر ایل این جی کی قیمت میں6.16فیصد یا 0.7978 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ ہوا ہے جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) صارفین کے لیے قیمتوں میں گزشتہ ماہ (اپریل 2024) کے مقابلے میں میں 0.8559ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو یا 6.49 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اوگرا نے جمعہ کو جاری اپنے نوٹیفکیشن میں ایس این جی پی ایل صارفین کے لیے آر ایل این جی کی اوسط فروخت کی قیمت 13.7440 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اور ایس ایس جی سی ایل صارفین کے لیے 14.0506 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اپریل کے مہینے کے لئے ریگولیٹر نے ایس این جی پی ایل صارفین کے لئے آر ایل این جی ڈسٹری بیوشن قیمت12.9462ڈالر / ایم ایم بی ٹی یو اور ایس ایس جی سی ایل صارفین کے لئے 13.1947 ڈالر / ایم ایم بی ٹی یو کے طور پر نوٹیفائی کی تھی۔آر ایل این جی قیمتوں کا نوٹیفکیشن اوگرا ویب سائٹ پر موجود ہے۔