اپریل کے دوران آٹو فنانسنگ میں 25فیصد اضافہ ہوا ،سٹیٹ بینک

173
State Bank

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):گذشتہ سال کے مقابلہ میں اپریل 2022ء کے دوران آٹو فنانسنگ میں 25فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ مارچ 2022ء کے مقابلہ میں اپریل 2022ء کے دوران گاڑیوں کی خریداری کیلئے قرضوں کی فراہمی ایک فیصد بڑھ گئی ۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق اپریل 2021ء میں آٹو فنانسنگ کا حجم 293ارب روپے رہا تھا تاہم اپریل 2022ء کے دوران گاڑی کی خریداری کیلئے قرضہ جات کی فراہمی کا حجم 366.79ارب روپے تک بڑھ گیا۔ اس طرح اپریل 2021ء کے مقابلہ میں اپریل 2022ء کے دوران بینکوں اور مالیاتی اداروں کی جانب سے کی جانے والی آٹو فنانسنگ میں73.79ارب روپے یعنی 25فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ایس بی پی کے مطابق مارچ 2022ء کے مقابلہ میں اپریل 2022ء کے دوران قرضوں کے اجراء میں 0.9فیصدکی بڑھوتری سے قرضوں کی فراہمی کا حجم مارچ 2022ء کے 363.55ارب روپے کے مقابلہ میں اپریل 2022ء میں 366.79ارب روپے تک بڑھا ہے۔ واضح رہے کہ دسمبر2020ء کے مقابلہ میں دسمبر2021ء کے دوران گاڑیوں کی خریداری کیلئے قرضوں کی فراہمی میں 38فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔