اپوزیشن میں تحریک عدم اعتماد لانے کا دم خم نہیں ،اپوزیشن جماعتیں 2030تک اپوزیشن میں ہی رہیں گی،معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

100

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں میں تحریک عدم اعتماد لانے کا دم خم نہیں ہے، یہ لوگ اقتدار کے حصول کیلئے کشکول ہاتھ میں لیکر مارے مارے پھر رہے ہیں لیکن حکومت کی اتحادی جماعتیں انہیں منہ نہیں لگا رہیں، اپوزیشن جماعتیں جتنا مرضی زور لگا لیں اگلے دس سال تک یہ اپوزیشن میں ہی رہیں گی۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے ملک کے پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے احساس، کامیاب جوان پروگرام، صحت کارڈ سمیت متعدد فلاحی منصوبے شروع کئے ہیں۔

عثمان ڈار نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اس وقت پوری دنیا میں مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے، پاکستان بھی اس سے متاثر ہے تاہم حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور اگلے تین سے چار ماہ میں مہنگائی میں کمی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو وزیراعظم عمران خان کی ایماندارانہ قیادت پر فخر ہے، وزیراعظم نے 2018ءمیں اقتدار میں آنے کے بعد سابق حکمرانوں کی طرح اثاثے نہیں بنائے بلکہ وہ آنے والی نسلوں کو محفوظ اور روشن مستقبل دینے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں،

مسائل اور چیلنجز کے باوجود عوام کو وزیراعظم عمران خان پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ ملک کو درپیش تمام بحرانوں سے نکال لیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز(پیکا) قانون میں ترامیم انفرادی طور پر کسی شخص کو ٹارگٹ کرنے کیلئے نہیں کی گئیں بلکہ یہ قانون سب پر یکساں لاگو ہو گا، ترامیم کا مقصد قانون میں مزید بہتری لانا تھا تاکہ جعلی اور جھوٹی خبروں کا تدارک ممکن بنایا جا سکے۔