لاہور۔1فروری (اے پی پی): پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ(پی آئی ٹی بی) اور محکمہ خزانہ پنجاب کے اشتراک سے وضع کردہ سرکاری ادائیگیوں اور ٹیکسوں کے آن لائن نظام ”ای پے پنجاب”کے ذریعے صوبائی حکومت کو اب تک 154 ارب روپے کا ریکارڈ ٹیکس ریونیو وصول ہو چکا ہے جبکہ آن لائن ٹرانزیکشنز 2 کروڑ 68 لاکھ سے تجاوز کر گئیں ہیں۔ یہ بات چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کی زیرصدارت بدھ کے روز یہاں منعقدہ جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ای پے سے اب تک حکومت کو سیلز ٹیکس کی مد میں 98ارب ،ٹوکن ٹیکس کی مد میں 16 ارب، ٹریفک چالان کی مد میں 6 ارب، پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 16ارب اور ای چالان کی مد میں 36کروڑ روپے سے زائد ریونیو وصول ہو چکا ہے۔ چیئرمین فیصل یوسف نے کہا کہ ای پے پنجاب میں جلد نئی خدمات بھی شامل کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت حاصل ہو سکے، فی الوقت ای پے سے شہری 11محکموں کے 26 ٹیکس ایک کلک پر مختلف ذرائع مثلا انٹرنیٹ، موبائل بینکنگ اور اے ٹی ایم کے ذریعے بآسانی ادا کر سکتے ہیں۔\932