ایس ای سی پی کے زیر اہتمام میوچل فنڈ فوکس گروپ 2025 کا سیشن اختتام پذیر

78
Securities and Exchange Commission of Pakistan

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے زیر اہتمام "میوچل فنڈز: مالی شمولیت اور معاشی ترقی کے لیے اہم” کے عنوان سے میوچل فنڈ فوکس گروپ 2025 کا دوسرا اور آخری دن 27 مئی کو کراچی میں اختتام پذیر ہوا۔ اس دن نئی صنعت سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی اور پہلے دن کی بات چیت کو آگے بڑھایا۔سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ایس ای سی پی کے کمشنر مظفر احمد مرزا نے اپنی تقریر سے تقریب کا آغاز کیا جس کے بعد ماہرین کی رہنمائی میں مختلف امور جن میں میوچل فنڈز میں جدت، قوانین میں تبدیلی اور مستقبل کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔یہ فوکس گروپ دو دنوں میں آٹھ مختلف موضوعات پر مشتمل سیشنز پر مشتمل تھا۔ اس میں شرکا کو کھل کر بات چیت کا موقع ملا، جہاں ریگولیٹری مسائل، جدت، ڈیجیٹل تبدیلی، اچھی حکمرانی اور سرمایہ کاروں کی شمولیت جیسے اہم موضوعات پر بات ہوئی۔

گفتگو کے دوران پاکستان کی پالیسیوں میں موجود کمزوریوں کی نشاندہی کی گئی اور دنیا کے دیگر ملکوں کی میوچل فنڈ مارکیٹس کی مثالیں دے کر بہتر طریقے سامنے لائے گئے۔اپنے اختتامی کلمات میں ایس ای سی پی کے کمشنر ذیشان رحمان خٹک نے کہا کہ یہ سیشن صرف ایک رسمی اجلاس نہیں تھا، بلکہ اسے ایک ایسا پلیٹ فارم بنایا گیا تھا جہاں خیالات، تجاویز اور مثبت تنقید کا تبادلہ کھلے دل سے کیا جا سکے، خوشی ہے کہ ہم اس مقصد میں کامیاب رہے۔ انہوں نے زور دیا کہ شرکا کی آراء کو ایس ای سی پی کی اصلاحات کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے گا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ کمیشن تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل اور بامقصد رابطے کے لیے پرعزم ہے۔دو روزہ سیشن سے حاصل ہونے والی تجاویز اور نکات کو ایس ای سی پی کے ریگولیٹری ترقی کے عمل میں شامل کیا جائے گا تاکہ مستقبل کی ایسی پالیسیاں بنائی جا سکیں جو پاکستان میں میوچل فنڈز کے نظام کو زیادہ جامع، شفاف اور سرمایہ کار دوست بنائیں۔