ایشین گیمز ، پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم( کل) انڈونیشیا کے مدمقابل ہوگی

70
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم(

کراچی۔ 20 ستمبر (اے پی پی):19ویں ایشین گیمز میں پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم ( کل) جمعرات کو انڈونیشیا کے خلاف میچ کھیلے گی۔ پاکستان ٹیم 2010 ء اور2014ء میں خواتین کرکٹ مقابلوں میں گولڈ میڈل جیت چکی ہے ، ایونٹ ٹی ٹونٹی فارمیٹ کے تحت کھیلا جارہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ سے بدھ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم چونکہ آئی سی سی کی عالمی رینکنگ میں ایشیا کی چار ٹاپ ٹیموں میں سے ایک ہے، لہذا اسے ایونٹ میں براہ راست کوارٹرفائنل کھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان میچ زی جیانگ یونیورسٹی ہانگزو کی پنگ فینگ کرکٹ فیلڈ میں کھیلا جائے گا ۔

پاکستانی ٹیم ندا ڈار کی قیادت میں جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ ٹی ٹونٹی سیریز میں کلین سوئپ کرچکی ہے، اس سیریز میں سدرہ امین بیٹنگ میں 133رنز کے ساتھ نمایاں رہی تھیں جبکہ بائولنگ میں لیفٹ آرم سپنر نشرہ سندھو اور سعدیہ اقبال چار چار وکٹوں کے ساتھ قابل ذکر رہی تھیں۔کپتان ندا ڈار نے کہا کہ ٹیم کے حوصلے بلند ہیں، ٹیم نے ہانگزو میں دو دن پریکٹس کی ہے اور وہ انڈونیشیا کے خلاف میچ کے لیے تیار ہے،

ایشین گیمز ہمارے لیے اہم ہے اور ہم ایک بار پھر گولڈ میڈل جیتنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں،جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز جیتنے سے ہمیں بہت فائدہ ہوا ہے اور ہم جیت کا یہ تسلسل برقرار رکھنا چاہتی ہیں۔ایشین گیمز کرکٹ کے سیمی فائنلز 24ستمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل اور تیسری پوزیشن کا میچ 25 ستمبر کو ہوگا۔ پاکستانی ٹیم ندا ڈار (کپتان)، عالیہ ریاض، انوشے ناصر، ڈیانابیگ،منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، عمائمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ اور ام ہانی پر مشتمل ہے۔سپورٹ اسٹاف میں عائشہ اشعر(منیجر)،محتشم رشید(عبوری ہیڈ کوچ)،سلیم جعفر(بولنگ کوچ)،توفیق عمر(بیٹنگ کوچ)،رفعت گل (فزیوتھراپسٹ) شامل ہیں۔