اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):ملک کو درپیش معاشی مشکلات کے باوجود فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے کامیابی سے جولائی 2023 کے ہدف سے زائد محصولات جمع کر لیے۔۔
ترجمان ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق ایف بی آر نے گزشتہ سال جولائی کے مقابلہ میں رواں سال جولائی میں 16.6 فیصد زیادہ محصولات اکھٹے کئے،49 ارب روپے کے ری فنڈز جاری کرنے کے باوجود جولائی 2023 میں 534 ارب روپے کے ہدف کے مقابلہ میں 538 ارب روپے کے خالص محصولات جمع کئے گئے ہیں۔ رواں ماہ کے دوران جمع کئے جانے والے براہ راست ٹیکسوں میں تیس فیصد کا قابل قدر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
گذشتہ سال جولائی کے مقابلہ میں رواں سال جولائی میں ان لینڈ ریونیو ٹیکسز کی مد میں 18 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور ایف بی آر کی ٹیم کو امید ہے کہ نمو کے اس رحجان کو سال بھر کے دوران برقرار رکھا جائیگا۔ ایف بی آر نے ملک کو درپیش اقتصادی دشواریوں کے باوجود اپنا ماہانہ ہدف حاصل کرکے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور مالی سال 2023-24 کا بہترین آغاز کیا ہے۔ موجودہ مالی اور اقتصادی بحرانوں کے باوجود ایف بی آر کی کارکردگی اس امر کا ناقابل تردید ثبوت ہے کہ ٹیکس حکام اس سال کے تفویض کردہ ہدف کو حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=377306