اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) نے ایک سو سے زائد غیر قانونی مویشی منڈیاں بند کراکے بیوپاریوں کے 1,675 جانور ضبط کر کے انہیں سرکاری منڈیوں میں منتقل کرا دیا۔ ایم سی آئی اور کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے عید الاضحیٰ سے قبل وفاقی دارالحکومت بھر میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف مشترکہ کارروائیوں کا آغاز کیا۔
ان کارروائیوں میں پاکستان ٹاؤن، گاگڑی، وی آئی پی غوری، صنم چوک، کری روڈ، پارک روڈ، اسلام آباد ایکسپریس وے، آئی جے پی روڈ، سیدپور، مری روڈ اور سیکٹر ای الیون جیسے مصروف علاقوں میں قائم غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ یہ کارروائیاں سی ڈی اے کے چیئرمین، چیف کمشنر اور ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے کی گئیں تاکہ پبلک سکیورٹی ، صفائی اور ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل انفورسمنٹ اور ڈی ایم اے ڈائریکٹر ڈاکٹر انعم فاطمہ نے جمعہ کو’’ اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ مجسٹریٹس اور اسسٹنٹ کمشنرز کی مدد سے خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں غیر قانونی منڈیوں کو روکنے کے لیے 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں۔ شہریوں کی سہولت کے لئے منظور شدہ منڈیاں، بھاٹہ چوک، بھنڈر سٹاپ جاپان روڈ، ضیاء مسجد، سلطانہ فاؤنڈیشن، سنگجانی جی ٹی روڈاور سیکٹر آئی-12 میں قائم کر رکھی ہیں جو 13 ذی الحجہ تک جاری رہیں گی۔ ان منڈیوں میں مویشیوں ، بیوپاریوں اور خریداروں کے لئے منتظمین کی طرف سے خصوصی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے اور جانوروں کی ضبطگی سمیت سخت قانونی کارروائی کا سامنا ہوگا۔ انعم فاطمہ نے تصدیق کی کہ سرکاری منڈیوں میں ویٹرنری خدمات، پانی، صفائی اور سکیورٹی جیسی تمام بنیادی سہولیات دستیاب ہیں۔ یہ مہم عید کے موقع پر اسلام آباد بھر میں عوامی نظم و ضبط اور صفائی کو یقینی بنانے کے لیے حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔