این ایچ اے لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند سٹریٹیجک شاہراہ (ایس ٹو) کی بحالی کے لئے دوسرے روز بھی مصروف عمل

163
NHA

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):نیشنل ہائی وے اتھارٹی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند سٹریٹجک شاہراہ کوہالہ۔ مظفر آباد روڈ (ایس ٹو) کی بحالی کے لئے دوسرے روز بھی مصروف عمل، چیئرمین این ایچ شہریار سلطان نے بحالی کے لئے تمام درکار وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردی ۔

ترجمان این ایچ اے کی طرف سے اتوار کو جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز ڈولئی کے مقام پر بھاری لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سٹریٹجک شاہراہ بند ہو گئی تھی اور ایک مسافر بس بھی پھنس گئی تھی جسے رات گئے بحفاظت نکال لیا گیا ہے تاہم یہ شاہراہِ ٹریفک کے لئے فی الحال بند ہے۔

ترجمان این ایچ اے نے کہا کہ سٹریٹجک شاہراہ گزشتہ شب بارش کی وجہ سے مزید مڈ فلو سے دوبارہ بند ہو گئی ہے۔ شہریار سلطان نے ہدایت کی کہ سٹریٹجک روڈ کو کھولنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کاعملہ بھاری مشینری کے ساتھ ملبے کو ہٹانے میں مصروف ہے ۔

ترجمان این ایچ اے نے کہا کہ سٹریٹجک روڈ (کوہالہ۔ مظفر آباد )پر ٹریفک بحالی کیلئے مزید وقت درکار ہو گا۔ ترجمان نے کہا کہ عوام سے التماس ہے کہ کوہالہ۔ مظفرآباد شاہراہ پر سفر سے فی الحال گریز کریں، شاہراہ کو ٹریفک کے لئے بحال ہونے پر عوام کو میڈیا کے ذریعے مطلع کر دیا جائے گا۔