اینٹی نارکوٹکس فورس کی ملک گیر کارروائیاں، 8 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد ، خاتون سمیت 10 ملزمان گرفتار

104
Pickpocket gang arrested
Pickpocket gang arrested

اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):اینٹی نارکاٹکس فورس نے 24 گھنٹوں کے دوران منشیات سمگلنگ کے خلاف ملک گیر 10 کاروائیوں میں تقریباً 8 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 643 کلوگرام منشیات برآمد کر کے خاتون سمیت 10 ملزمان گرفتار کر لئے۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق چکلالہ سکیم تھری راولپنڈی میں واقع تعلیمی ادارے کے قریب ملزم سے 2.4 کلو گرام چرس برآمد کی گئی،پشاور میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 170 گرام چرس جبکہ فیصل آباد میں سکول کے قریب واقع کچی آبادی میں منشیات فروش سے 97 گرام چرس برآمد ہوئی ۔

اسی طرح سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ میں کالج اعر یونیورسٹی کے قریب 2 کاروائیوں میں 2 ملزمان سے 200 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں، گرفتار ملزمان کا تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ دیگر کاروائیوں میں موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 24 کلوگرام افیون اور 2.4 کلو گرام چرس برآمد کر کےملزم گرفتار کر لیا گیا، روات روڈ راولپنڈی پر موٹر سائیکل سوار ملزم سے 2.4 کلو گرام چرس جبکہ سمندری انٹرچینج فیصل آباد کے قریب گاڑی سے 244.8 کلو گرام افیون اور 357.6 کلو گرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔

اسی طرح شاہراہِ فیصل کراچی پر واقع کوریئر آفس میں مالدیپ بھیجے جانے والے پارسل سے 66 گرام ہیروئن اورحیدرآباد میں قاسم چوک کے قریب ملزم سے 8 کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔