ایڈیشنل چیف سیکرٹری صدارت اجلاس، گرین گروتھ اسٹریٹجی کے تحت شجر کاری مہم کو حتمی شکل دے دی گئی

169

پشاور۔ 18 جولائی (اے پی پی):ایڈیشنل چیف سیکرٹری (اے سی ایس) محکمہ داخلہ و قبائلی امور عابد مجید جو خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری کا اضافی چارج بھی رکھتے ہیں کی زیرصدارت صوبے بھر میں مون سون سیزن کے دوران شجر کاری مہم کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے اہم اجلاس سول سیکریٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں حکومت خیبر پختونخوا کے سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور خیبر پختونخوا پولیس کے حکام نے شرکت کی۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری عابد مجید نے اس بات پر زور دیا کہ تمام سرکاری اداروں اور معاشرے کے تمام طبقات کی شجرکاری مہم میں شرکت یقینی بنانے کیلئے بھر پور انتظامات کئے جائیں۔انہوں نے متعلقہ محکموں، ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کو ہدایت کی کہ وہ وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے اپنے دائرہ اختیار میں شجر کاری کے لیے ضروری اقدامات کریں۔

ہدایات دیتے ہوئے انہوں اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل ٹولز بشمول ایپس اور جی پی ایس کو گرین گروتھ اسٹریٹجی کے تحت شجر کاری کی سرگرمیوں کی بروقت اور درست رپورٹنگ اور نگرانی کے لیے استعمال کیا جائے۔ گرین گروتھ اسٹریٹجی کے تحت اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹی کیمپسز، عمارتوں کے احاطے، پولیس اسٹیشنز کے احاطے، صنعتی اسٹیٹس، اور سڑکوں کے کنارے گرین بیلٹس میں وسیع پیمانے پر پودے لگائے جائیں گے۔ منصوبے کے تحت بڑے پیمانے پر شجر کاری مہم کے دوران عوام کی شرکت کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور اس ضمن میں سہولت فراہم کی جائے گی۔ رواں سال جولائی، اگست اور ستمبر میں شجرکاری مہم میں پھل دار درختوں کی شجرکاری کو ترجیح دیتے ہوئے 35 قسم کے جنگلی، 26 قسم کے آرنامنٹ، اور سات اقسام کے پھل دار درخت لگائے جائیں گے. محکمہ جنگلات اس مہم میں 5.726 ملین پودے استعمال کرے گا۔ دیگر محکمے اپنے اپنے پروگراموں کے ذریعے 1.010 ملین پودے استعمال کریں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کسانوں میں 1.733 ملین پودے مفت تقسیم کیے جائیں گے۔ بڑے پیمانے پر شجر کاری کی تقریبات کے ذریعے کل 0.469 ملین پودے لگائے جائیں گے۔ VDCs کے ذریعے 0.252 ملین پودے لگائے جائیں گے۔ دفاعی اداروں میں 1.191 ملین پودے لگائیں گے۔ تعلیمی اداروں، مدارس اور دیگر مخصوص اداروں کے لیے 0.346 ملین پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مزید برآں، سنٹرل سدرن ریجن-I، ہزارہ فارسٹ ریجن-II، اور مالاکنڈ فارسٹ ریجن-III میں 64 ایکڑ رقبے پر سیونگ اور ڈبلنگ کے تحت پودے لگائے جائیں گے۔ شجرکاری مہم کے لیے کل 248,717 تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ عابد مجید نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ شجر کاری مہم کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے فعال طور پر کردار ادا کریں