ملتان۔5جون (اے پی پی):انسدادمنشیات کے وفاقی وزیر نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ انسداد منشیات فورس کو افرادی قوت کی کمی کاسامنا ہے ،اس وقت جنوبی پنجاب کے11اضلاع میں اے این ایف کے پاس صرف 50ملازمین ہیں اور ہم ان 50افراد کے ساتھ پورے جنوبی پنجاب کے معاملات دیکھ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اینٹی نارکوٹکس تھانہ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دو ران کیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ 50افراد کے عملے کے ساتھ اے این ایف عدالتوں، تھانوں ،ایئرپورٹس،سڑکوں اور دیگر معاملات کو دیکھ رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ افرادی قوت کی کمی کے باوجود اے این ایف کی کارکردگی بہت بہتر ہے۔ شاہ زین بگٹی نے کہاکہ ہم وزیراعظم شہبازشریف کے سامنے یہ تجویز رکھیں گے کہ اے این ایف میں مزید 10ہزار افرادبھرتی کیے جائیں تاکہ اس ادارے کی کارکردگی متاثر نہ ہو بلکہ اس میں مزید بہتری آئے۔انہوں نے کہاکہ مجھے امید ہے کہ کابینہ سے بھرتیوں کی اجازت مل جائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ بدقسمتی سے تعلیمی اداروں میں نشے کی لعنت پھیل رہی ہے اس حوالے سے ہم پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر شعورآگاہی کے پروگرامز ترتیب دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو نشے کی لعنت سے محفوظ رکھنا ہے تاکہ وہ زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرسکیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ منشیات کی سمگلنگ روکنے کےلئے دیگر اداروں کے مقابلے میں ہمارے پاس افرادی قوت نہ ہونے کے برابر ہے۔
انہوں نے کہاکہ پورے ملک میں اے این ایف کے 3600اہلکار کام کررہے ہیں۔اگر وزیراعظم ادارے میں 10ہزار بھرتیوں کی منظوری دے دیں تو اس سے زیادہ بہترکارکردگی دکھاسکتے ہیں۔ ملکی سیاسی حالات سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے۔ہم ذاتی مفاد کےلئے نہیں بلکہ قومی مفادات کے پیش نظر وزیراعظم کاساتھ دے رہے ہیں۔ہمارے کوئی ذاتی عزائم نہیں ہیں۔قبل ازیں شاہ زین بگٹی نے تھانہ نارکوٹکس کنٹرول کادورہ کیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر طاہر بھٹی نے انہیں ادارے کی کارکر دگی بارے بریفنگ دی۔