راولپنڈی۔15نومبر (اے پی پی):اے این ایف نے تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈائون میں 24گھنٹوں کے دوران 10 کارروائیوں میں 10 ملزمان کو گرفتارکر لیا۔اے این ایف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کے مطابق ان کارروائیوں میں 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 299.5 کلو گرام منشیات برآمد کی گئیں۔جامشورو میں دو مختلف یونیورسٹیوں کے قریب کارروائی کے 2 ملزمان سے 6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔مسلم ٹائون فیصل آباد میں کالج کے قریب ملزم سے 1.5 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔اسلام آباد کی معروف یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 180 گرام چرس برآمد کی گئی۔
ترجمان نے بتایاکہ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ۔دیگر کارروائیوں میں پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شارجہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے 120 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کئے گئے۔لاہور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تھائی لینڈ جانے والے مسافر کے پیٹ سے 18 چرس بھرے کیپسولز برآمد کئے گئے۔شکارپور سکھرکے قریب ٹرک کے خفیہ خانوں سے 285 کلو چرس برآمدکرکے ایک ملزم کو گرفتارکیاگیا۔ہٹیاں روڈ اٹک کے قریب ملزم سے 1.2 کلوگرام افیون اور 2.4 کلو گرام چرس برآمد کی گئی ۔
اٹک میں ایک اور کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 1.250 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔پشاور میں بس سٹاپ کے قریب ملزم سے ایک کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔ترجمان اے این ایف نے بتایاکہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔