اے این ایف کی منشیات کے خلاف کاروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات برآمد،ملزمان گرفتار

150

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف) کی کامیاب انسداد منشیات کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ترجمان اے این ایف نے ہفتہ کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب خیبر کے رہائشی ملزم سے ایک کلو ہیروئین، اسلام آباد ای 11 میں لاہور کے رہائشی ملزم سے 70 نشہ آور گولیاں اور کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ فلائٹ نمبر EY 201 سے ابوظہبی جانے والی ملزمہ کے ٹرالی بیگ سے 5 کلو ہیروئن برآمد کی گئی ہے۔ کراچی کی رہائشی خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔ اسی طرح کراچی مین سپر ہائی وے کے قریب کراچی کی رہائشی خاتون اور ملزم سے 4 کلو چرس بھی برآمد کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان سے پاکستان بھاری مقدار میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش نا کام بناتے ہوئے اے این ایف اور ایف سی نے پاک افغان بارڈر چیک پوسٹ پر اہم کاروائی کے دوران خیبر کے رہائشی 5 ملزمان سے 111 کلو چرس برآمد کی ہے۔

مزید برآں باچہ خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پشاور فلائٹ نمبر EK 637 سے لندن جانے والے مُلزم کوگرفتار کر کے ملزم کے ٹرالی بیگ سے مختلف اقسام کی 7640 نشہ آور گولیاں برآمد کی گئی ہیں اور برمنگھم کا رہائشی ملزم گرفتار کیا گیا ہے۔ اسی طرح کوئٹہ کچلاک بائی پاس کے قریب غیر آباد مکان میں چھپائی گئ 49 کلو چرس برآمد کی گئی ہے۔ ترجمان اے این ایف نے کہا ہے کہ گرفتار مُلزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔