بادشاہی مسجد میں بین الاقوامی معیار کی نئی تبرکات گیلری کی تشکیل کے کام کا آغاز ہو گیا ، سیکرٹری اوقاف

218
بادشاہی مسجد میں بین الاقوامی معیار کی نئی تبرکات گیلری کی تشکیل کے کام کا آغاز ہو گیا ، سیکرٹری اوقاف

لاہور۔19نومبر (اے پی پی):سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہررضابخاری نے کہاہے کہ بادشاہی مسجد میں بین الاقوامی معیار کی حامل نئی تبرکات گیلری کی تشکیل کے کام کا آغاز ہو گیا ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق تبرکات گیلری مسجد کے جنوبی سمت کے برآمدوں میں قائم ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اتوار کو اپنے ایک بیان میں کیا۔طاہررضا بخاری کہا کہ محکمہ اوقاف بطور سپانسرنگ ایجنسی، اس پراجیکٹ کی مانیٹرنگ کا فریضہ سرانجام دے گا جبکہ والڈ سٹی آف لاہور اٹھارٹی اس کی ایگزیکیوٹنگ ایجنسی ہے۔

سکیورٹی پریزرویشن اینڈاپ کِیپ آف ہولی ریلکس بادشاہی مسجد کے نام سے 68.60 ملین مالیت کی اس اسکیم اور پراجیکٹ کے سکوپ آف ورک میں کنزرویشن، الیکٹریکل ورک، ایڈوانسڈفائر الارم سسٹم، ٹرائی پاڈ ٹرانسٹائل، برگلرکلیم سسٹم اور ایئر کنڈیشننگ سمیت انٹرنیشنل سٹینڈرڈزکے حامل و دیگر جدیدترین سسٹم شامل ہیں۔ یہ پراجیکٹ 28 فروری2024 تک مکمل ہوگا۔

سیکرٹری اوقاف نے مزید کہا کہ تبرکات مقدسہ امت مسلمہ کا عظیم اثاثہ ہیں، موجودہ حکومت جو اسلامی اقدار و روایات کی ترویج کے لیے سرگرم عمل ہے، نے اس اہم دینی وملی سرمائے کی حفاظت اورایگزیبشن کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے ساتھ ہمیشہ کے لیے محفوظ بھی بنادیا۔

نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے 3 اگست 2023 کو بادشاہی مسجد کی تبرکات گیلری کا دورہ کیا تھا، جس میں انہوں نے ان تبرکات ِ مقدسہ گیلری کی شایانِ شان ترتیب و تشکیل کا حکم دیا تھا، انہوں نے اس پر ایک اعلی سطحی کمیٹی بھی نامزد کی تھی، جو تبرکات گیلری کے انتظام و انصرام کے لیے شایانِ شان جگہ کا انتخاب کرے۔

چنانچہ طویل غوروخوض کے بعد بادشاہی مسجد کے جنوبی سمت کے حجروں کو اس مقصد کے لیے منتخب کیا گیاجس کو بین الاقوامی میعار کے مطابق بنانے کے لیے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی اور آئی ڈیپ نے ڈیزائن بنانے، طویل غوروخوض کے بعد یہ عظیم منصوبہ حتمی منظوری کے بعد اپنے عملی آغاز کو پہنچ گیا۔

واضح رہے کہ بادشاہی مسجد کے مرکزی دروازے کی بالائی منزل پر واقع تبرکات گیلری میں گزشتہ طویل عر صہ سے محفوظ ہیں۔ چھبیس عدد یہ تبرکات نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، اہل ِ بیت اطہاراور دیگر مشاہیراسلام سے خصوصی نسبت کے حامل ہیں۔