باغبانوں کو ترشاوہ پھل توڑتے وقت مناسب خوشبو، مٹھاس، رنگ کو مد نظر رکھنے کی ہدایت

112
Citrus Fruit Research Institute
Citrus Fruit Research Institute

فیصل آباد۔ 06 دسمبر (اے پی پی):باغبانوں کو ترشاوہ پھل توڑتے وقت مناسب خوشبو، مٹھاس، رنگ کو مد نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سٹرس فروٹ ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ماہرین اثمار و ترشاوہ فروٹ نے بتایاکہ دنیا بھر میں مالٹے اور گہری رنگت کے حامل گریپ فروٹ کی ڈیمانڈ بڑھتی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ باغبان اکثر ریڈ بلڈ مالٹا، کنو، مسمی،فروٹر غیر مناسب وقت پر توڑ لیتے ہیں اور انہیں جلد پکانے و رنگت کی تبدیلی کیلئے ایتھلین گیس کے ذریعے ان کی کنڈیشننگ کرتے ہیں جس سے اکثر پھل خراب ہو جاتاہے اورپیداوار 30 فیصد تک کم ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویلنشیالیٹ کے بھی دیرتک پودے پر موجود رہنے سے اس کی پھانکیں خشک ہونا شروع ہو جاتی ہیں لہٰذا پھل کی برداشت یا توڑائی مناسب طریقے سے کرنی چاہیے ورنہ پھل جلدی گلنے سے مارکیٹ میں کم قیمت پائے گا۔انہوں نے بتایاکہ آج کل مشینی طریقہ سے پھل کی درجہ بندی، صفائی اور اس پر ویکسنگ کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بوریوں میں نیچے والا پھل اوپر والے پھل کے وزن سے خراب ہوجاتا ہے اس لیے باغبان چھوٹے چھوٹے کریٹس میں کاغذ لگا کر پھل کو گڈی کاغذ میں لپیٹ کر تہوں میں رکھیں اور کریٹ بند کرنے کے بعد کریٹ پرباغبان کا نام،پھل کی قسم، پھل کا درجہ، پھل کے برداشت کی تاریخ اور پیک کرنے کی تاریخ درج کی جائے۔