فیصل آباد۔ 14 دسمبر (اے پی پی):سٹرس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ماہرین اثمارنے باغبانوں کو ترشاوہ پھلوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے کیلئے پلاسٹک کی ٹوکریاں استعمال کرنے کی ہدائت کی ہے تاکہ پھل کو نقصان سے بچایا جا سکے۔
باغبانوں کیلئے جاری کئے گئے ہدایت نامہ میں انہوں نے کہاکہ ترشاوہ پھلوں کے باغبان برداشت سے قبل مسمی، کینو، فروٹر،چکوترا وغیرہ کی پختگی کا تعین کر لیں کیونکہ بعد از برداشت پھل کی کوالٹی انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے لہٰذا باغبان ترشاوہ پھل اس وقت توڑیں جب ان میں مٹھاس کی مناسب مقدار موجود ہو اور پھل اپنے معیار ی وزن تک پہنچ جائے۔
انہوں نے کہاکہ ترشاوہ پھلوں کو پودوں سے الگ کرنے کیلئے ہاتھ سے توڑنے کی بجائے قینچی یا کلپر کی مدد سے پھل کے بالکل قریب سے کاٹا اور ڈنڈی کا سائز چھوٹا رکھا جائے۔انہوں نے کہاکہ پھل کی برداشت صبح کے وقت کرتے ہوئے اسے پودے سے الگ کرنے کے بعد خشک و سایہ دار جگہ پر رکھا جائے نیز پھل کو دوران برداشت زمین پر گرنے یا ٹہنیوں سے زخمی ہونے سے بھی بچایا جائے۔
انہوں نے کہاکہ پھل کو اچھی طرح دھو لینا چاہیے کیونکہ دھوئے بغیر پیکنگ کے دوران گرد آلودہ ہونے کی صورت میں پھل کے جلدی گلنے سڑنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پھل کو کسی نرم کپڑے سے اچھی طرح صاف کرنے کے بعد اس کی درجہ بندی بھی ضروری ہے کیونکہ اگر ایک کریٹ میں ایک ہی قسم، سائز، معیار اور ایک ہی وقت توڑے گئے پھلوں کو پیک کرکے منڈی لے جا یا جائے تو اس کی اچھی قیمت مل سکے گی۔