بجلی چوری کی روک تھام اور واجبات کی وصولی کیلئے مہم تیز ، واجبات کی وصولی 4 ارب 61 کروڑ روپے سے بڑھ گئی

87
وزارت توانائی
وزارت توانائی

اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):ملک بھر میں بجلی چوری کی روک تھام اور واجبات کی وصولی کیلئے مہم تیز کر دی گئی ہے، 7 ستمبر سے شروع ہونے والی مہم کے دوران اب تک مختلف ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے واجبات کی وصولی 4 ارب 61 کروڑ روپے سے بڑھ گئی ہے۔ وزارت توانائی کے ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف جاری مہم کے دوران مجموعی طور پر 9564 افراد کے خلاف ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں جبکہ 1104 بجلی چوروں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) میں بجلی چوروں کے خلاف 3473 ایف آ ئی آرز درج کی گئی ہیں، 307 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور کمپنی میں مجموعی وصولیاں ایک ارب روپے سے زائد رہی ہیں۔ گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (گیپگو) میں 563 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں، 27 بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا ہے اور 23 کروڑ 90 لاکھ روپے کی وصولیاں ہوئی ہیں۔

فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) میں 1013 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں، 115 بجلی چور گرفتار اور 20 کروڑ70 لاکھ روپے کی وصولیاں ہوئی ہیں جبکہ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو ) ریجن میں 128 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں، 13 بجلی چور گرفتار کئے گئے ہیں اور 8 کروڑ 20 لاکھ روپے کی وصولیاں کی گئی ہیں۔