بحرین کے وزیر خارجہ کا وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ

54

اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):بحرین کے وزیر خارجہ عبدالطیف الزیانی نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات،خلیجی ممالک کے مابین دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے کی جانے والی سفارتی کاوشوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔جمعرات کو ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ نے خلیجی ریاستوں کی جانب سے دیرینہ باہمی تنازعات کے حل کیلئے مثبت سوچ کو سراہتے ہوئے اسے خطے میں امن و استحکام کیلئے حوصلہ افزا قدم قرار دیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 5 جنوری 2021 کو العلاء سعودی عرب میں ہونیوالی جی سی سی سمٹ کے کامیاب انعقاد سے جی سی سی ممبر ممالک کے مابین اعتماد کی فضا بحال ہو گی اور خلیجی ریاستوں کے مابین تعاون کو فروغ ملے گا۔وزیر خارجہ نے نیامے میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 47ویں اجلاس کے موقع پر پاکستان کی جانب سے مسئلہ ء کشمیر اور اسلاموفوبیا کے حوالے سے پیش کردہ قراردادوں کی حمایت پر بحرینی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور بحرین کے مابین مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے حوالے سے بھی تبادلہ ء خیال کیا۔دونوں وزرائے خارجہ کا اہم علاقائی و عالمی امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے اور عالمی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر اتفاق کیا۔