برازیلین کھلاڑی بیاٹریز حداد مایا نے برمنگھم کلاسک ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا

55
Tennis Championship
Tennis Championship

برمنگھم۔20جون (اے پی پی):برازیلین ٹینس کھلاڑی بیاٹرز حداد مایا نے برمنگھم کلاسک ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا ، انہوں نے ویمنز سنگلز فائنل میچ میں چینی کھلاڑی شوائی ژینگ کے میچ کے دوران فٹنس مسائل کے باعث دستبردار ہونے کے بعد ٹائٹل اپنے نام کیا۔ 26 سالہ برازیل کی بیاٹریز حداد مایا کا یہ 7 دنوں میں دوسرا ٹائٹل ہےجو انہوں نے اپنے نام کیا۔

ڈبلیو ٹی اے کے زیر اہتمام برمنگھم میں جاری ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میں برازیل کی بیاٹریز حداد مایا کا مقابلہ چینی ٹینس سٹار شوائی ژینگ سے تھا جس میں برازیلین کھلاڑی کو شوائی کے خلاف پہلے سیٹ میں 4-5 کی برتری حاصل تھی لیکن شوائی ژینگ اچانک فٹنس مسائل کے باعث مقابلے سے دستبردار ہوگئیں اور برازیلین ٹینس کھلاڑی بیاٹریز حداد مایا نے بآسانی ویمنز سنگلز ٹائٹل جیت لیا۔

اس سے قبل پہلے سیمی فائنل میں برازیل کی بیاٹریز حداد مایا نے سیکنڈ سیڈ رومانیہ کی سمونا ہالیپ کو ہرا کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھاجبکہ دوسرے سیمی فائنل میں چین کی شوئی ژینگ نے رومانیہ کی سورانا کرسٹیا کے خلاف سخت مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کر کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔