برآمدات بڑھانے کےلئےمتعلقہ شعبوں میں تحقیق و جدت اپنا کر عالمی مارکیٹ کے تقاضوں کے ہم آہنگ چلنا ہو گا، وفاقی وزیر احسن اقبال کا ٹویٹ

100

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ برآمدات بڑھانے کےلئےمتعلقہ شعبوں میں تحقیق اور جدت اپنا کر اور عالمی مارکیٹ کے تقاضوں کے ہم آہنگ چلنا ہو گا، جدت کے ذریعے مارکیٹ میں اپنی لیڈر شپ کو برقرار رکھنا ہوگا۔

جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ جدت طرازی کسی بھی ملک کے سماجی معاشی حالات، انتظامی نظام، ثقافت اور تعلیمی نظام اور آگے بڑھانے والے وسیع البنیاد عوامل سے جڑی ہوتی ہے، حکومت نے تقریباً 10 ارب روپے کےانوویشن فنڈ کے منصوبے کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد ملک مین انوویشن کی حوصلہ افزائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ہنر مند ہے، کوئی وجہ نہیں ہے کہ ہم دنیا میں انوویشن لیڈر نہ بن سکیں، ہمیں اپنے پیٹینٹس کو بڑھانا ہوگا، کسی قوم کے جدت پسند ہونے کا معیار اس کے پیٹینٹس رجسٹر کرانے کی تعداد ہے۔

انہوں نے کہا کہ اکیڈیمیا، ایکسپرٹس اور انڈسٹری ماہریں کو جدت اپنانے میں پبلک سیکٹر کی معاونت کرنا ہوگی، ہم پاکستان میں انوویشن کے ایکو سسٹم کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، آگے بڑھنے کے لیے ہمیں ہر شعبے میں ہمیں تحقیق، مشاہدہ اور تفکراتی سوچ کو اختیار کرنا ہوگا ۔