تہران۔24مارچ (اے پی پی):پاکستان کی ثقافت اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے برج آزادی تہران میں یوم پاکستان اور نوروز کی تقریبات کے تسلسل میں "خوبصورت پاکستان” کے عنوان سے تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔سفیر مدثر ٹیپو نے وزارت ثقافت ایران کے نمائندے علی رضا دباغی کے ہمراہ نمائش کا افتتاح کیا۔
وزارت ثقافت ایران نے اس تقریب کے انعقاد کے لیے سفارت خانہ پاکستان کو خصوصی اجازت دی۔ یہ دونوں ممالک کے قریبی ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کی نشاندہی کرتا ہے۔وزارت ثقافت کے نمائندے نے پاکستانی سفارتخانے کی کاوشوں کو سراہا اور اسے سیاحت کے فروغ اور عوام کے درمیان رابطوں کی جانب ایک سنگ میل قرار دیا جس سے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
سفیر مدثر ٹیپو نے ایرانی حکومت کے تمام تعاون پر علی رضا دباغی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو شاندار خوبصورتی سے نوازا گیا ہے، اس کے بلند و بالا پہاڑ، ساحل، برف پوش پہاڑ، صحرا اور تاریخی یادگاریں قدیم تہذیبوں کے امین ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران بھی بہت خوبصورت اور منفرد ملک ہے۔
اس طرح کے منصوبوں سے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔لوگوں کی بڑی تعداد نے نمائش میں شرکت کی اور پاکستان کی خوبصورتی کو سراہا۔