برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد نفیس ذکریا کا مشاعرہ اور سیمینار کی اختتامی تقریب سے خطاب

90

لندن ۔ 4 مئی (اے پی پی) برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد نفیس ذکریا نے پاکستانی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اردو زبان و ادب کے فروغ پر خصوصی توجہ دیں تاکہ آنے والی نسلوں کو اردو ادب اور بالخصوص شاعری کے ذریعہ اپنی بنیاد سے منسلک رکھا جا سکے۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار اردو کے فروغ کیلئے منعقدہ مشاعرہ اور سیمینار کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت پاکستان سے آئے معروف شاعر افتخار عارف نے کی۔ ادبی شام میں پروفیسر افتخار ملک اور اردو مرکز لندن کے چیئرمین جاوید شیخ دیگر معروف شخصیات اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ مشاعرے کے دوران افتخار عارف ، سائرہ بتول، ڈاکٹر ہلال فرید، راحت رشید، ڈاکٹر ناہید کیانی، فیضان عارف اور عقیل دانش نے کلام پیش کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے کہا کہ قومی زبان کے اتحاد اور استحکام میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اردو زبان و ادب کا فروغ قوم کیلئے بہترین کاوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 251 کے تحت اردو کو قومی زبان کا درجہ دیا گیا ہے اور یہ اہل علم کا فرض ہے کہ وہ قومی اتحاد و یگانگت کیلئے اردو زبان کے فروغ کیلئے کام کریں۔