بلوچستان کے مسائل کے حل اور دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے مشترکہ فیصلے کرنے کی ضرورت ہے، ریاض حسین پیرزادہ

376

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر انسانی حقوق ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل کے حل اور دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے مشترکہ فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں سردار اختر مینگل کی طرف سے اٹھائے گئے نکات پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ دہشتگردی اور بلوچستان میں لاپتہ افراد کے حوالے سے انہوں نے کابینہ کے اجلاس میں بات کی ہے ،ہم حالات سے منہ نہیں موڑ سکتے، شکر ہے کہ پارلیمان میں مینگل جیسے رہنما موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور فاٹا میں جو کچھ ہوا وہ افسوسناک ہے، موجودہ حالات میں مضبوط فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔کوئی سیاستدان نہیں چاہتا کہ پارلیمان اور سیاست کو بے توقیر کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں برداشت ختم ہو رہی ہے۔ عوام کو تحفظ دینا ضروری ہے، اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے ہمیں مل بیٹھ کر فیصلے کرنے چاہئیں۔