اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بنوں میں سی ٹی ڈی کمپائونڈ کو دہشت گردوں سے کلیئر کرالیا گیا ہے، آپریشن کے دوران تمام دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ سکیورٹی فورسز کے دو جوان شہید اور 15 زخمی ہوئے ہیں۔
منگل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ سی ٹی ڈی کمپائونڈ بنوں میں 33 گرفتار دہشت گرد رکھے گئے تھے، ایک دہشتگرد نے ایک ملازم کو اینٹ مار کر اسلحہ چھین لیا، عملہ کو یرغمال بنایا۔ بنوں میں سی ٹی ڈی کمپائونڈ میں 20 دسمبر کو ساڑھے بارہ بجے سکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کیا۔ تمام دہشتگرد آپریشن میں مارے گئے۔ سی ٹی ڈی کا کمپائونڈ کلیئر کرالیا گیا ہے۔ ایک افسر اور 15 جوان زخمی ہوئے ہیں، تمام محصور افراد کو چھڑا لیا گیا ہے۔
بالخصوص خیبرپختونخوا بلوچستان میں دہشتگردی دوبارہ سر اٹھا رہی ہے۔ سرحد پار یا مقامی سطح کے لوگ سر اٹھا رہے ہیں، گرفتار دہشت گردوں کا مختلف گروہوں سے تعلق تھا۔ صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام رہی ہے کیونکہ خیبرپختونخوا حکومت کو زمان پارک میں عمران خان نے یرغمال بنا رکھا ہے۔
نو سال سے ان کی کے پی کے میں حکومت ہے، جب سیلاب آیا وہ ناکام رہے، پاک فوج نے یرغمال رہا کرائے، اپنی جانوں کی قربانیاں دیں، صوبائی حکومت کا اس میں کوئی کردار نہیں۔