بچے اور بچیوں کی معیاری تعلیم، ہنر مند بنانا میری ترجیح ہے،آئی ٹی کی بنیاد اور جدید خطوط پر تعلیمی نصاب تیار کرنا چاہتے ہیں،مریم نواز شریف

144
Maryam Nawaz Sharif
Maryam Nawaz Sharif

لاہور۔28فروری (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے یونیورسٹی آف لندن کی پرو وائس چانسلر، انٹرنیشنل، لرننگ اینڈ ٹیچنگ پروفیسر میری سٹیسنی نے وزیر اعلیٰ آفس میں ملاقات کی۔ مریم نوازشریف نے پروفیسر میری سٹیسنی کی دنیا بھر میں معیاری تعلیم، اساتذہ کی تربیت اور وظائف کی فراہمی کے لئے کاوشوں کو سراہا۔ پروفیسر میری سٹیسنی نے پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مریم نوازشریف کو مبارکباد دی۔مریم نوازشریف نے پروفیسر میری سٹیسنی کو صوبہ پنجاب میں تعلیم کے فروغ اور اساتذہ کی تربیت سے متعلق اپنے ایجنڈے سے آگاہ کیا۔

وزیر اعلی ٰمریم نواز شریف نے کہا کہ ہر بچے اور بچی کی معیاری تعلیم، انہیں ہنر مند بنانا میری ترجیح ہے۔آئی ٹی کی بنیاد اور جدید خطوط پر تعلیمی نصاب تیار کرنا چاہتے ہیں۔ ہر بچے اور بچی کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ہنر سکھانا چاہتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ صوبہ پنجاب کے طالب علموں کو انٹرنیشنل سکالرشپس کی فراہمی چاہتے ہیں۔ مریم نوازشریف کی پروفیسر میری سٹیسنی سے اساتذہ کے لئے آن لائن تربیتی کورسز کے آغاز پر بھی گفتگو ہوئی۔ مریم نوازشریف نے خاص طورپر بچیوں کی تعلیم کے لئے اساتذہ کی تربیت کے کورسز سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے پروفیسر میری سٹیسنی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا برس ہا برس کا تجربہ بچیوں کو تعلیم یافتہ بنانے کے لئے بہت مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ پروفیسر میری سٹیسنی نے تعلیم بالخصوص بچیوں کی تعلیم، اساتذہ کی تربیت، معیاری نصاب، ہنرمندی اور سکالرشپس کے لئے مریم نوازشریف کے ویژن اور جذبے کو سراہا۔ پروفیسر میری سٹیسنی نے کہا کہ ایک خاتون کے طور پر مریم نواز شریف سے تعلیم کو ایجنڈا کا اہم حصہ بنانے کی توقع تھی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف پختہ عزم کے ساتھ اس مقصد کو حاصل کرپائیں گی۔ پروفیسر میری سٹیسنی دنیا بھر میں معیاری تعلیم کی فراہمی میں نہایت ممتاز نام ہیں۔

وہ لندن یونیورسٹی کے دنیا بھر میں 100 آن لائن اور دیگر پروگرام چلانے میں خصوصی مہارت رکھتی ہیں۔ پروفیسر میری سٹیسنی دنیا کے 190 ممالک میں 45 ہزار سے زائد طلبا کی تعلیم کی ذمہ داری انجام دے رہی ہیں۔ پروفیسر میری سٹیسنی کی ذمہ داری میں یونیورسٹی آف لندن کے بڑے آن لائن کورسز کے ذریعے 14 لاکھ طلبا تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

پروفیسر میری سٹیسنی نے اپنے کیرئیر کا آغاز سکینڈری سکول ٹیچر کے طورپر کیا تھا۔ پروفیسر میری سٹیسنی ماضی میں کامن ویلتھ سکالرشپ کمشنر بھی رہ چکی ہیں۔ارکان اسمبلی، مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔