بکری پال حضرات سال میں کم از کم 3مرتبہ جانوروں کو کرم کش ادویات پلوائیں ،ڈائریکٹر لائیو سٹاک

285
بکری پال حضرات سال میں کم از کم 3مرتبہ جانوروں کو کرم کش ادویات پلوائیں ،ڈائریکٹر لائیو سٹاک

فیصل آباد ۔ 13 اکتوبر (اے پی پی):انتڑیوں کے زہر، متعدی نمونیا، منہ کا پکنا اور چیچک کے امراض بکریوں کی افزائش نسل متاثر کرتے ہیں اسلئے بکری پال حضرات کو سال میں کم از کم 3مرتبہ وسیع الاثر کرم کش ادویات پلوانی اور ویٹرنری ہسپتال سے حفاظتی ٹیکے لگوانے چاہئیں۔

ڈائریکٹر محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹرحیدر علی خان نے ایک ملاقات کے دوران کہا کہ بکری پال حضرات کو رواں ماہ اکتوبر کے دوران بکریوں کی افزائش نسل کیلئے خصوصی اقدامات کرنے چاہئیں جن میں بکریوں کی افزائش کے ساتھ ساتھ انہیں بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکے لگوانا بھی شامل ہے تاکہ دودھ کی پیداوار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ معیاری گوشت کا حصول بھی ممکن ہو سکے۔

انہوں نے بتایا کہ اعلیٰ نسل کی علاقائی بکریاں بیتل، ٹیڈی، دائرہ دین پناہ، ناچی وغیرہ پالنے سے بہتر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روا ں ماہ اکتوبرکے دوران اعلیٰ صلاحیت کے حامل نر بکروں سے بکریوں کی نسل کشی کروانی چاہیے جبکہ اس اقدام کیلئے گورنمنٹ کے لائیو سٹاک فارمز سے بھی اعلیٰ اوصاف کے حامل نر بکرے مناسب قیمت پر حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جانوروں کو متوازن خوراک، سبز چارہ، صاف پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ شدید موسمی اثرات سے بچانا بھی ضروری ہے۔