بھارت ،ٹریلر اور بس میں تصادم سے 11افراد ہلاک ، 12زخمی

115
accident

نئی دہلی۔13ستمبر (اے پی پی):بھارت میں ٹریلر اور بس میں تصادم سے 11افراد ہلاک اور 12زخمی ہوگئے ہیں۔چینی خبررساں ادارے کے مطابق ضلع بھرت پور ٹریفک پولیس کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ جئے پور۔

آگرا شاہراہ پر ریاست گجرات سے مسافروں کو لے کر مذہبی رسوم کی ادائیگی کے لیے اتر پردیش جانے والی بس فنی خرابی کے باعث انترا فلائی اوور پر رکی ہوئی تھی کہ اس دوران پیچھے سے آنے والے ایک ٹریلر نے بس کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں6خواتین سمیت 11افراد ہلاک اور 12زخمی ہو گئے۔

انہوں نے بتایا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مقامی پولیس نے مقدمہ درج کرکے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں ہر سال تقریباً 150,000 افراد سڑک حادثات میں ہلاک ہو جاتے ہیں حکومت نے 2024 تک سڑک حادثات میں ہونے والی اموات کو 50 فیصد تک کم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔