بھارت جیسے حالات کہیں بھی ہو سکتے ہیں، عالمی ادارہ صحت

69
، عالمی ادارہ صحت

جنیوا۔30اپریل (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت نے یورپی ممالک کو متنبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کے ایس او پیز میں نرمی بھارت جیسی صورتحال پیدا کر سکتی ہے۔

فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت برائے یورپ کے سربراہ ہانس کلوگ نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب بیماری سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات میں نرمی لائی جاتی ہے تو لوگوں کی ایک بڑی تعداد ایک جگہ پر جمع ہونا شروع کر دیتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اگر زیادہ متعدی بیماری ہو تو اس کی مختلف اشکال ظاہر ہونے لگتی ہیں اور ابھی ویکسینیشن کی شرح بہت کم ہے اور ایسے حالات میں یہ کسی بھی ملک میں کورونا طوفان لا سکتاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ سمجھنا بہت ضروری ہے کہ بھارت جیسے حالات کہیں بھی ہوسکتے ہیں

۔واضح رہے کہ بھارت میں کورونا کیسز میں مسلسل اضافے کا ذمہ دار کورونا وائرس کی نئی قسم بی۔1۔617 کو قرار دیا جا رہا ہے اگرچہ عالمی ادارہ صحت نے ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ یہ دیگر اقسام کی نسبت زیادہ متعدی ہے یا نہیں لیکن یہ مہلک ضرور ہے۔