اسلام آباد۔11اپریل (اے پی پی):بینکاری کے شعبہ میں اسلامک بینکنگ کے اثاثہ جات اور ڈیپازٹس کی شرح رواں سال کے اختتام تک 30 فیصد تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ ا س وقت یہ تناسب بالترتیب 18.8 اور 22.7 فیصد ہے ۔ اسلامی بینکاری کے شعبہ کے اثاثہ جات گذشتہ مالی سال کے اختتام پر 9ہزار 689 ارب روپے تک بڑھ گئے ۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی ) کی سہ ماہی کارکردگی رپورٹ کے مطابق 30 جون 2024 کو اسلامک بینکنگ کے شعبہ کے اثاثہ جات کا حجم 9 ہزار 689 ارب روپے تک پہنچ گیا جو 34.54 ارب ڈالر کے مساوی تھے ۔ بینکاری شعبہ کے مجموعی اثاثہ جات میں اسلامک بینکوں کے اثاثوں کی شرح 18.8 فیصد جبکہ ڈیپازٹس میں حصہ 22.7 فیصد تھا ۔
پاکستان میں اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور سٹیٹ بینک آف پاکستان نے سٹریٹیجک پلانز 28-2023 کے تحت رواں سال کے اختتام تک اسلامی بینکاری کے شعبہ کے اثاثوں اور ڈیپازٹس کی شرح بینک کاری کے شعبہ کے مجموعی اثاثہ جات اور ڈیپازٹس کے 30 فیصد تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ گذشتہ چند سالوں کے دوران اسلامی بینکاری کے شعبہ نے نمایاں ترقی کی ہے اور اس کے اثاثوں اور ڈیپازٹس میں خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580542