ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ کابل کے حوالے سے جاری کردہ اعلامیہ

95

اسلام آباد ۔ 15ستمبر (اے پی پی) دفتر خارجہ کے ترجمان نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ کابل کے حوالے سے جاری اعلامیہ میں کہا ہے کہ وزیر خارجہ نے اپنے پہلے غیر ملکی دورے میں ہفتہ کو کابل میں افغان صدر اشرف غنی، چیف ایزیکٹیو عبداللہ عبد اللہ اور اپنے افغان ہم منصب سے ملاقاتیں کیں اور وفود کی سطح پر مذاکرات کئے‘ وزیر خارجہ نے افغان قیادت کیساتھ ملاقاتوں کے دوران واضح کیا کہ پاکستان کی نئی حکومت افغانستان کیساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتی ہے اور تجارت اور رابطوں کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے‘ انہوں نے افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کیلئے قومی اتحادی حکومت کی کوششوں کیلئے پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔اعلامیہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے افغان قیادت کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان افغانستان کے دیگر شراکت داروں کے ہمراہ افغان حکومت اور افغان عوام کی قیادت میں مصالحتی عمل میں تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان انسداد دہشت گردی اور سیکورٹی کے شعبوں میں تعاون اور رابطوں کی اہمیت پر زور دیا اور اس سلسلے میں افغان پولیس اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو پاکستانی اداروں میں تربیت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔