ترجمان دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ

177

اسلام آباد ۔ 18 نومبر (اے پی پی) دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ افغانستان میں داعش سمیت غیر ریاستی عناصر قدم جما رہے ہیں،نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت کیلئے پاکستان سنجیدہ امیدوار ہے۔پاکستان عدم پھیلاو کے مقاصد کو مستحکم کرنے کی غرض سے اقدامات کیلئے تیار ہے۔دنیا کے کئی ممالک نے مقبوضہ کشمیر میںمظالم پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔افغانستان کے حوالے سے پاکستان،چین اور روس پر مشتمل سہہ فرایقی اجلاس آئندہ ماہ ماسکو میں ہوگا۔جمعرات کو دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو افغانستان میں غیر ریاستی عناصر کی سرگرمیوں پر تحفظات ہیں،داعش سمیت غیر ریاستی عناصر اپنے قدم جما رہے ہیں۔افغانستان میں امن پاکستان اور تمام خطے کے مفاد میں ہے۔این ایس جی کی رکنیت کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے خود کو این ایس جی کی رکنیت کیلئے سنجیدہ ثابت کیا ہے ۔پاکستان رکنیت کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے ، گروپ کےرکن ممالک نے جوہری تحفظ و سلامتی کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔کئی ممالک نے این ایس جی کی رکنیت کیلئے پاکستان کی حمایت کی ہے جو متحرک پاکستانی سفارت کاری کا نتیجہ ہے۔