ترقی پذیر ممالک کیلئے سستی محفوظ اورقابلِ تجدید توانائی نا گزیر ہے،فیصل آباد چیمبر آف کامرس

107
Faisalabad Chamber of Commerce
Faisalabad Chamber of Commerce

فیصل آباد۔ 11 اگست (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹری کی قائمہ کمیٹی برائے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے چیئرمین انجینئر احمد حسن نے شمسی توانائی بارے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کیلئے سستی محفوظ اورقابلِ تجدید توانائی نا گزیر ہے لہٰذاحکومت کو شمسی توانائی کے فروغ کیلئے سولر پینلز پر عائد ٹیکسوں میں فوری کمی کرنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ان ملکوں کی توانائی کی ضرورتوں کو فوری طور پر پورا کرنے کیلئے شمسی توانائی کے استعمال کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اس کو سستا بنانا بھی ضروری ہے جس کیلئے صرف ٹیکسوں میں کمی ہی کافی نہیں بلکہ اس مقصد کیلئے سستے قرضے بھی مہیا کرنے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ گرمیوں میں اس خطے میں 17گھنٹوں تک سورج کی روشنی دستیاب ہوتی ہے لیکن ہم اس سے فائدہ نہیں اٹھا رہے جبکہ اس کے فروغ سے ماحولیاتی آلودگی اور خاص طور پر کاربن کے بڑھتے ہوئے اخراج کو بھی کم کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے اور درآمدی تیل پر انحصار کم کرنے کے لیے قابل تجدید توانائی کے ذرائع جیسے شمسی کی طرف منتقل ہونا چاہیے۔انجینئر احمد حسن نے فیصل آباد میں شمسی توانائی یا الیکٹرک وہیکلز پر مبنی پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرانے پر بھی زور دیا تاکہ اس شہرمیں ماحولیاتی آلودگی کے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔

اجلاس میں ڈاکٹر محمد عارف، انجینئر عاصم منیر، پی ایچ ڈی اور ریسرچ ایسوسی ایٹس جناب محمد علی حسن اور مسٹر اظہر نے بھی شرکت کی۔