تھرپارکر۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کی روزانہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کا کہنا تھا کہ تھرپارکر میں انسداد پولیو مہم کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اس کے باوجود انسداد پولیو ٹیمیں مختلف دیہاتوں کا دورہ کر رہی ہیں کیونکہ اگر کوئی بچہ انسداد پولیو کے قطرے پینے سے رہ گیا ہو تو ایسے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا سکیں۔
اس موقع پر انہوں نے محکمہ صحت تھرپارکر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت تھرپارکر جانب سے انسداد پولیو کے ضمن میں کی گئی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھرپارکر پولیو فری ضلع ہے اور ضلعے کا پولیو فری ہونا ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور تمام متعلقہ محکموں کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے جس کو ہمیشہ اس ہی طرح برقرار رکھنے کی پوری کوششیں کی جائیں۔
ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے کہا کہ ہمیں انسداد پولیو کے ضمن میں ہر وقت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ تھرپارکر ہمیشہ پولیو فری ضلع رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران انسداد پولیو ٹیموں کے ساتھ تھرپارکر کے عوام کا بھرپور تعاون رہا جس کی وجہ سے انسداد پولیو مہم کے دوران تھرپارکر کے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر محمد باقر جتوئی اور محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔