اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):تین روزہ این ایل سی پولو ٹورنامنٹ 2022 کا آغاز (کل بدھ ) سے گلگت بلتستان کے ضلع غذر کی خوبصورت وادی پھنڈر میں ہوگا۔
پولو اس خطے کا سب سے مقبول کھیل ہے لیکن کورونا وائرس کی پابندیوں کے باعث 2020 کے بعد سے گلگت بلتستان کے اس ضلع میں کوئی کھیلوں کا ایونٹ منعقد نہیں کیا گیا۔نیشنل لاجسٹکس سیل (این ایل سی )، جو کہ خطے میں انفراسٹرکچر کے بڑے منصوبوں پر کام کر رہا ہے، نے اس پولو ٹورنامنٹ کو خطے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے منعقد کیا ہے۔
ٹرافی کے حصول کے لیے پانچ ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ کوالیفائنگ میچز ٹاس سسٹم پر کھیلے جائیں گے۔ افتتاحی میچ غذر ٹائیگرز اور پھندڑ بازیگرز کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ پھنڈر ڈیفنڈرز کا مقابلہ غذر ہائی لینڈرز سے ہوگا۔ غذر سپرسٹارز پہلے ہی دوسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے ۔
ٹورنامنٹ کا فائنل 24 جون کو کھیلا جائے گا۔این ایل سی 216 کلومیٹر طویل گلگت تا شندور روڈ کے پیکج 3 پر کام کر رہا ہے، جو علاقے میں سماجی و اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اسٹریٹجک شاہراہ قراقرم کا متبادل راستہ فراہم کرے گا۔