جاپان ،مغربی صوبے اوساکا میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے اڑھائی لاکھ گھرانے متاثر ، کئی ٹرینوں کی روانگی منسوخ

167

ٹوکیو۔15اگست (اے پی پی):جاپان کے مغربی صوبے اوساکا میں جمعرات کو علی الصبح بڑے پیمانے پر بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جس سے تقریباً 245,000 گھرانے متاثر ہوئے، ٹرینوں کی روانگی میں تاخیر اوربعض کی روانگی منسوخ کر دی گئی ۔

شنہوا نے اپنی رپورٹ میں کنسائی ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن انکارپوریشن کے حوالے سے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بجے سے تقریباً دو لاکھ 45 ہزارگھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔حکام کے مطابق اوساکا شہر اور موریگوچی شہر کے کچھ حصوں میں صبح 9 بجے بجلی کی فراہم بحال کردی گئی، بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے اوساکا اور موریگوچی کے شہروں میں کم از کم 140 ٹریفک سگنل بند ہو گئے جس کی وجہ سے پولیس افسران ہاتھ کے اشاروں سے ٹریفک کنٹرول کرنے پر مجبور ہو گئے۔

کیہان الیکٹرک ریلوے کمپنی اور ویسٹ جاپان ریلوے کمپنی نے کئی ٹرینوں میں تاخیر اور بعض کی منسوخی کی اطلاع دی۔بجلی بند ہونے کی اصل وجہ ابھی تک زیر تفتیش ہے۔