جبوتی کے صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت پرخوشی ہوئی، نو منتخب صدر دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں گے، صادق سنجرانی

189

اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ جبوتی کے صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کر کے بہت خوشی ہوئی، نو منتخب صدر دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستانی وفد کے ہمراہ جبوتی کے نو منتخب صدر اسماعیل عمر گوئیلہ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے موقع پر بیان میں کیا۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی قیادت میں پاکستانی وفد نے اس موقع پر جبوتی کے نو منتخب صدر اسماعیل عمر گوئیلہ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی، چیئرمین سینیٹ اور وفد کے ارکان نے جبوتی کے نو منتخب صدر کو مبارک باد بھی دی۔

حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت خصوصی طور پر جبوتی کے صدر نے دی ہے۔ اس تقریب حلف برداری میں مختلف ممالک کے سربراہان مملکت ، اعلی سطحی وفود اور قیادت نے شرکت کی۔ چیرمین سینٹ نے تقریب کے دوران مختلف ممالک کے وفود کے سربراہان اور قیادت سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

جبوتی کے نومنتخب صدر نے شرکا کے اعزاز میں استقبالیہ بھی دیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جبوتی کے صدر دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔