حالیہ افتاد سے نمٹنے کیلئے ہمیں بھائی چارےاورمواخات کی ضرورت ہے،وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین نادرا اور پاکستان فارماسیوٹیکل ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات،وزیراعظم کو 12 کروڑ روپے کا چیک اور 5 کروڑ روپے کی ادویات عطیہ کیں

143
حالیہ افتاد سے نمٹنے کیلئے ہمیں بھائی چارے اور مواخات کی ضرورت ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین نادرا اور پاکستان فارماسیوٹیکل ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات، وزیراعظم کو 12 کروڑ روپے کا چیک اور 5 کروڑ روپے کی ادویات عطیہ کیں

اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پورا ملک متاثر ہوا ہے اور اس افتاد سے نمٹنے کیلئے ہمیں بھائی چارے اور مواخات کی ضرورت ہے جبکہ نادرا اور پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ میں 12 کروڑ روپے اور 5 کروڑ روپے کی ادویات عطیہ کی گئیں۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار مختلف وفود سے ملاقات میں کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چئیرمین نادرا محمد طارق ملک نے ملاقات کی اور وزیراعظم کو فلڈ ریلیف فنڈ کیلئے 10 کروڑ روپے چیک پیش کیا۔ چئیرمین قاضی محمد منصور دلاور کی سربراہی میں پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی اور وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ کیلئے 2 کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔ پاکستان فارماسیوٹیکل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن نے سیلاب متاثرین کیلئے 5 کروڑ روپے کی ادویات بھی عطیہ کیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگ اس آفت سے نمٹنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم قومی یکجہتی کے ذریعے اس مشکل وقت کا مقابلہ کریں گے، پوری قوم اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالے۔ وزیراعظم نے این ڈی ایم اے حکام کو ہدایت کی کہ وہ مختلف متاثرہ علاقوں میں ادویات کی ضرورت کا تعین کرنے کے بعد پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر ادویات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے ضرورت پڑنے پر مزید ادویات عطیہ کرنے کا بھی عہد کیا۔ اسلامک ریلیف کے گلوبل چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم احمد کی سربراہی میں وفد نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔ وفد میں اسلامک ریلیف کے کنٹری ڈائریکٹر آصف علی شیرازی اور کنٹری ایڈووکیسی سپیشلسٹ رضا قاضی بھی موجود تھے۔ اسلامک ریلیف نے وزیراعظم کو بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخواہ میں سیلاب زدگان کے ریلیف کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے وزیراعظم کو 3 کروڑ پاؤنڈ عطیہ جمع کرنے کے ہدف کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔