ااسلام آباد ۔ 23 اگست (اے پی پی) فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حاجیوں کی پاکستان واپسی کا سلسلہ جاری ہے، سرکاری اور پرائیویٹ سکیموں کے مجموعی طور پر 26 ہزار سے زائد حاجی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق سرکاری سکیم کے اب تک 15 ہزار جبکہ پرائیویٹ سکیم کے 11 ہزار حاجی وطن واپس پہنچے ہیں۔انھوں نے بتایاکہ 8 ہزار سے زیادہ حجاج مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ چلے گئے ہیں جہاں وہ 8 دن قیام کے بعد وطن واپس روانہ ہوں گے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ سرکاری سکیم کے مکہ مکرمہ میں اب بھی ایک لاکھ حجاج کرام موجود ہیں۔ حاجی کیمپوں کا عملہ ملک کے 10 شہروں میں مستعدی سے ہوائی اڈوں پر حجاج کرام کے استقبال کے لئے فرائض سرانجام دے رہا ہے۔ حج فلائیٹ آپریشن 15 ستمبر تک جاری رہے گا۔