حماس کا وفدروسی حکام سے بات چیت کے لئے ماسکو پہنچ گیا

80
حماس کا وفدروسی حکام سے بات چیت کے لئے ماسکو پہنچ گیا

ماسکو ۔27اکتوبر (اے پی پی):غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور فلسطینی گروپوں کے درمیان جنگ کے 20ویں روز حماس کا ایک وفد روس کے دارالحکومت ماسکو پہنچ گیا۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے بتایا کہ حماس کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد جس کی قیادت تحریک کے سیاسی بیورو کے رکن موسیٰ ابو مرزوق کر رہے ہیں ماسکو کا دورہ کر رہا ہے۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ حماس کے نمائندے ماسکو کا دورہ کر رہے ہیں۔

جہاں تک بات چیت کا تعلق ہے ہم آپ کو اس سے متعلق بعد میں مزید آگاہ کریں گے۔یاد رہے قبل ازیں جمعرات کو روس کے نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف نے کہا تھا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، لیکن غزہ کی پٹی میں شہریوں کو قتل کرنا دفاع میں شامل نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ قطر میں حماس کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے بعد حراست میں لیے گئے افراد کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یاد رہے غزہ پر وحشیانہ اسرائیلی بمباری میں 20 روز کے دوران 7028 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ادھر اسرائیل نے روس سے حماس کے وفد کو واپس بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔