حمزہ شہباز ،مریم اورنگزیب کی محمد شہباز شریف کو دوسری مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارک باد

161
Hamza Shehbaz, Maryam Aurangzeb
Hamza Shehbaz, Maryam Aurangzeb

لاہور۔3مارچ (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنمائوں حمزہ شہباز ،مریم اورنگزیب سمیت دیگرنے محمد شہباز شریف کو دوسری مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے ۔

اتوار کے روز اپنے مشترکہ تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے محمد شہباز شریف کا دوسری مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہوناجمہوری نظام پر مکمل اعتماد کا اظہار ہے، وہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور جمہوری اقدار کے فروغ میں فعال کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ محمد شہباز شریف با صلاحیت ،تعلیم یافتہ ، زیرک اور منجھے ہوئے سیاستدان ہیں،

وہ تین مرتبہ وزیر اعلی پنجاب اور ایک مرتبہ وزیر اعظم پاکستان کے عہدے پر فائض رہے ہیں ، وہ حکومتی معاملات کو موثرانداز میں چلانے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور دنیا ان کی صلاحیتوں کی معترف ہے کہ انہوں نے اپنے ہر عہدے کو بڑی ایمانداری، جانفشانی اور خوش اسلوبی سے سر انجام دیا ۔( ن )لیگی رہنمائوں نے کہا کہ محمد شہباز شریف نے بطور وزیر اعظم 16 ماہ کی حکومت میں اپنی باصلاحیت ٹیم کے ہمراہ شبانہ روز محنت کر کے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا اور ملکی معیشت کو دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کی سر توڑ کوشش کی، ماضی کی طرح وہ اب بھی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔