
اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):مسیحی روحانی پیشوا آرچ بشپ راولپنڈی اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہا ہے کہ حکومت مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے اقدامات اٹھائے،جڑانوالہ واقعہ کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرکے ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچا یا جائے ، 16 اگست 2023ءمسیحیوں کیلئے پاکستان کی تاریخ کا ہولناک دن تھاجب 21 گرجا گھروں، تین آسمانی کتب توریت ، زبور اور بائبل اور مسیحیوں کے47 گھروں کو نذر آتش کیا گیا
،جڑانوالہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کرکے ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچا کر مثال قائم کی جائےتاکہ آئندہ کسی کو بھی اس طرح کی جرات نہ ہو سکے،نذر آتش کئے جانیوالے گرجا گھر اور متاثرین کے گھر وں کو دوبارہ تعمیر کروایا جائے،اس حوالے ے حکومت کو سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں بشپ ہیمفری سرفراز، فادر جونز،ریورنڈ فادر درفراز سائمن ، آرچ بشپ کے نمائندہ خصوصی بابو ساجد امین کھوکھر ،این سی جے ایف پی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نعیم یوسف گل، فریاد فرانسس و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےآرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہاکہ اگرچہ مسیحی آبادی کے لحاظ سے اقلیت میں ہیں تاہم بحیثیت پاکستانی آئین پاکستان کی روسے حقوق میں دیگر پاکستانیوں کے برابر ہیں،
حکومت پاکستان جڑانوالہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کرے اور اس میں ملوث تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچائے تاکہ آئندہ کسی کو بھی اس طرح کے حالات پیدا کرنے کی جرات نہ ہو سکے،چند شرپسند عناصر توہین مذہب کے نام پر ملکی حالات خراب کر رہے ہیں جس سے بیرونی دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہو رہی ہے
،سابق چیف جسٹس تصد ق جیلانی کے اقلیتوں کے حقوق سے متعلق 2014 ء کے فیصلے پر عملدرآمد کیا جائے،اس موقع پربشپ ہیمفری سرفرازکا کہنا تھا کہ ہمارا معاشرہ پستی کی طرف گامزن ہے، مذہبی رواداری کو فروغ دینے کی شدید ضرورت ہے،ان واقعات کے ذمہ دار وں کو کیفر کردار تک پہنچایاجائے ۔