اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت معاشرے کے کمزور طبقات کا اپنا گھر خریدنے کا خواب پورا کر رہی ہے، شہروں کے بے ہنگم پھیلائو کو روکنے کیلئے بلند عمارتوں کی تعمیر کا ماڈل اپنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ایک سادہ تقریب میں فراش ٹاؤن اسلام آباد کے کم لاگت میں اپارٹمنٹس کی قرعہ اندازی کے موقع پر کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت غریب طبقے کو اپنا گھر خریدنے کے خواب کو پورا کر رہی ہے۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ گھروں کی الاٹمنٹ میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور شہروں کے بے ہنگم پھیلاؤ کے تدارک کے لئے اونچی عمارتوں کی تعمیر کے ماڈل کو اپنایا جائے۔ فراش ٹاؤن منصوبہ نیا پاکستان ہاؤسنگ و ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سی ڈی اے کے اشتراک سے مکمل کیا جا رہا ہے جو کہ 2000 کم لاگت اپارٹمنٹس پر مشتمل ہے۔
ایک اپارٹمنٹ کی قیمت 32 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے جس میں 3 لاکھ روپے حکومت سبسڈی فراہم کرے گی جس کی بدولت فی یونٹ لاگت 29 لاکھ رہ جائے گی۔غریب اور متوسط طبقے کے ے اسلام آباد میں اپنا گھر خریدنے کے خواب کو پورا کرنے کے لیے وزیر اعظم کی خصوصی دلچسپی سے یہ منصوبہ مکمل کیا جا رہا ہے۔
اپارٹمنٹس کی خریداری کے لیے پرائیویٹ بنک آسان اقساط پر قرضے کی سہولت بھی فراہم کر رہے ہیں۔سبسڈی کی بدولت ان اپارٹمنٹس کی ماہانہ قسط 13٫000 روپے ہوگی جبکہ مارکیٹ ریٹ 38٫000 روپے بنتی ہے۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب بھی تقریب میں موجودتھے۔