حکومت نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لئے پرعزم ہے، شزہ فاطمہ خواجہ

95
شزہ فاطمہ خواجہ

اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ سے انوویسٹا پرائیویٹ لمیٹڈ (آئی ٹی کمپنی ) کے وفد نے سی ای او ہشام سرور کی قیادت میں جمعرات کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

وزارت آئی ٹی سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو آئی ٹی کی مہارتوں سے آراستہ کرنے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے وزیر مملکت برائے آئی ٹی کو انوویسٹا کمپنی کی ورکنگ اور مقاصد کے بارے میں بریف کیا۔انہوں نے وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ کو آگاہ کیا کہ انوویسٹا پرائیویٹ لمیٹڈ سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹشن کونسل (ایس آئی ایف سی ) کا ایک اقدام ہے جو بڑے پیمانے پر آئی ٹی سکلز ڈویلپمنٹ پروگراموں، ٹیکنالوجی کے فروغ، سرمایہ کاری کی سہولت اور انوویشن کے ذریعے قومی آئی ٹی سیکٹر میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔

وفد نے کہا کہ انوویسٹا ملک کے نوجوانوں کو آئی ٹی کی مہارتوں سے آراستہ کرنے اور ان کی ترقی کے لئے تربیتی پروگرام شروع کرنا چاہتا ہے۔وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ نے انوویسٹا کے آئی ٹی کے میدان میں کام کرنے اور مستقبل کے منصوبوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کے نوجوانوں کو جدید ترین ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لئے پرعزم ہے تاکہ وہ بہتر روزگار حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ تمام ٹریننگ کے نتیجے میں تربیت یافتہ افراد کو مارکیٹ میں آسانی سے ملازمت حاصل کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی ملک کے نوجوانوں کو آئی ٹی کی مہارتوں سے آراستہ کرنے کی کاوشوں میں انوویسٹا کو مکمل سپورٹ فراہم کرے گی۔