
ڈیرہ اسماعیل خان۔25جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے 15 ماہ کے اندر ملک کو ترقی دی اور معیشت کو بحال کیا ، پی ٹی آئی کے چار سالہ دورکی وجہ سے مہنگائی بڑھی اور معاشی تنزلی ہوئی، محمد نواز شریف کے دورحکومت میں ملک میں ترقی اورمعاشی استحکام آیا ،سی پیک منصوبہ گوادر تک پہنچا کر دم لیں گے۔ وہ منگل کوڈیرہ اسماعیل خان میں مختلف منصوبوں کے سنگ بنیادو افتتاح کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ڈیرہ اسماعیل خان میں مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے اور افتتاح کرنے پر ہم ان کے شکرگزار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 2013 کے انتخابات کے بعد ملک اور حکومت کے خلاف سازشی عناصر سے سر اٹھانا شروع کیا اور ملک میں عدم استحکام کا آغاز ہوا، نواز شریف کی حکومت ملک کی بہتری کےلئے جدوجہد کررہی تھی ، بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاروں کو پاکستان لایا جارہا تھا ،
گوادر پورٹ کی بنیاد رکھ رہے تھے کہ وہیں پر ایک نوسرباز جس نے ملک اور سیاست میں عدم استحکام اورملکی معیشت کو تباہ وبرباد کرنے کا ایجنڈا پاکستان لایا ،2014 کے اندرجب وہ اسلام آباد آئے تو ہم نے ڈٹ کر ان کا مقابلہ کیا ،2018کے عام انتخابات کے بعد ن لیگ کی قیادت جیلوں میں تھی اوردیگر قیادت کو پارلیمان تک رسائی نہیں دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پورے ملک کے طول وعرض سے ایک پلیٹ فارم پر تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کیا اور ان جماعتوں نے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان پر اعتماد کا اظہارکیا اوربالآخر انہیں آئینی اور قانونی طریقے سے عدم اعتماد کی تحریک لاکراس نوسرباز کو کرسی سے ہٹایا اور چودہ پندرہ ماہ میں ہم نے بہت مشکلات کا سامنا کیا اور وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں مختلف ممالک سے پاکستان کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کیا اورملک کی بہتری اورمعاشی استحکام کےلئے کام کیا جس کے ثمرات آج ہم اکٹھے کررہے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ آج ہم مختلف میگامنصوبوں کا افتتاح بھی کررہے ہیں ، گوادر پورٹ بھی بحال ہورہا ہے، سکھر موٹروے بھی تکمیل کی جانب گامز ن ہے ، سی پیک منصوبہ گوادر تک پہنچا کر دم لیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی اضلاع کےلئے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے بہت سے منصوبے منظور کرائے تھے، ان کے بعد ان تمام منصوبوں کو منجمد کردیا گیا، ہم جب دوبارہ آئے تو ہم نے ان کا دوبارہ افتتاح کیا ااور ان منصوبوں پر برق رفتاری کے ساتھ کام کرکے کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ 2017 ،2018 میں ڈی آئی خان میں 3 گرڈ سٹیشنزکی منظوری دی تھی اس پر ایک گرڈ سٹیشن مکمل ہوگیا ہے ،
دوسرا تکمیل کے مراحل میں ہے جبکہ تیسرا بھی بہت جلد مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جس شخص کو حکومت سےہٹایا وہ روز دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کےلئے بھیک مانگتا رہا۔ انہوں نے کہاکہ ہم عوام کے ووٹ سے حکومت بنائیں گے ، ہم نے آج جو سفر کیا ہے اس پر سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کے مختلف حصوں میں قرآن کریم کے نسخوں کو نذر آتش کیا جاتا ہے ، سویڈن کے واقعات کے بعد اب ہمیں مساجد اورمدارس کی رجسٹریشن کے مسائل کو حل کرنا چاہئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ آج وزارت توانائی کے حوالے سے 6 ارب روپے کا جو منصوبہ ہے جس کا ایک حصہ (211 کلومیٹر کی ٹرانسمیشن لائن )جو ڈیرہ اسماعیل خان کو ژوب بلوچستان سے ملاتا ہے وہ مکمل ہو گیا ہے،
یہ وہ منصوبے ہیں جو کئی سالوں سے التوا کا شکار تھے ان کو وزیراعظم شہباز شریف نے دوبارہ شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ژوب کا گرڈ سٹیشن آئندہ چند ماہ میں مکمل ہو جائے گا، ڈیرہ اسماعیل خان میں موجود گرڈ سٹیشن کی اپ گریڈیشن سے بلوچستان اور ڈیرہ اسماعیل خان کو بجلی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں مانسہرہ سے لے کر گوادر تک ٹرانسمیشن لائنز کے منصوبے مکمل کئے جن میں سٹیشنز کا قیام اور اس کے ساتھ ساتھ تھر میں چند ماہ کے اندر ٹرانسمیشن لائن مکمل کی۔
وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ 16 ماہ کے قلیل عرصے میں ملک کی بجلی کے نظام میں 5 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی ہے جس میں 2 ہزار میگاواٹ تھر کے کوئلے سے بنائی جا رہی ہے، کراچی میں 1100 میگاواٹ کے نیوکلیئر پلانٹ کا افتتاح کیاگیا ہے ، اس کے علاوہ کروٹ ہائیڈرو الیکٹرک 720 میگاواٹ کا بھی افتتاح کیا اور عنقریب ایک اور منصوبہ جو 5 سال سے تاخیر کا شکار تھا (جو تریموں میں 1200 میگاواٹ کا ایل این جی کا پلانٹ ہے )اس کا بھی افتتاح ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 16 ماہ کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان میں 2 ارب روپے کی لاگت سے 3 نئے گرڈ سٹیشنزاور ٹرانسمیشن لائن کا آغازکیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ترقی کا جو عمل 2018 سے 2022 تک رک گیا تھا و ہ دوبارہ تیزی سے شروع ہواہے اور ان منصوبوں سے قوم کو بہت فائدہ ہو گا۔ انجینئر خرم دستگیر نے کہا کہ ہم نے زندگی کے ہر شعبے میں محنت اور ایمانداری سے کام کیا اور آئندہ بھی کریں گے کیونکہ ہم باوقار ، بااعتماد اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھ چکے ہیں جس میں تمام افراد کے لئے اچھے روزگار کے مواقع میسر ہوں گے ،
ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ ہم ایسی توانائی ملک میں لارہے ہیں جس کا بوجھ غریب عوام پر نہ پڑے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں سسٹم میں نئی گیس ڈال دی ہے جس سے تقریباً 570 ملین روپے کا سالانہ فائدہ ہوگا ، ا ٓئندہ چھ ماہ میں 138 ایم ایم سی ایف ڈی اضافی گیس بھی سسٹم میں شامل ہوجائے گی ، نئے گیس کے ذخائر پر3 ارب ڈالر کے منصوبے لگائے ہیں ، موجودہ دور حکومت کو ملک کو گیس کی مد میں 1.1 بلین ڈالر کا فائدہ ہوا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں جو توانائی کے منصوبے لگائے ہیں
ان سے آنے والے وقت میں لوگ مستفید ہوں گے،ہم نے عوام کو روزگار بھی فراہم کرنا ہے ، لوگوں کےلئے جی ڈی پی کی گروتھ بھی کرنی ہے تاکہ ملک کی ترقی کی رفتار تیز کی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں آبادی 26کروڑ تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ غریب آدمی کی فلاح وبہبود کےلئے کام کررہے ہیں ،شہریوں کو نوکریا ں نہیں ملیں گی تو سیاست کس چیز کی ،کاروبار اورکارخانے چلیں گے تو لوگوں کو روزگارملے گا۔