ننکانہ صاحب۔ 18 فروری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی پروگرام کے تحت ضلع ننکانہ صاحب میں بھی اقلیتی برادری کے مستحق خاندانوں کیلئے مینارٹی کارڈ کا اجراءکر دیا گیا۔اس سلسلہ میں تحصیل شاہکوٹ سے منیارٹی کارڈز کی تقسیم کا آغاز کیا گیا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر شاہکوٹ ثناءشرافت نے مسیحی خاندانوں میں منیارٹی کارڈز کی تقسیم کے لیے قائم کیے جانے والے کاونٹرز پر سہولیات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ منیارٹی کارڈز کی وصولی کے لیے آنے والے افراد کے لیے بیٹھنے ،صاف پانی کا خصوصی بندوبست کیا گیا ہے ، مرد و خواتین کے لیے الگ الگ کاونٹرز بھی بنائے گئے ہیں۔ پنجاب بینک کے نمائندوں سمیت دیگر محکمہ جات کے نمائندگان بھی موجود تھے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شاہکوٹ ثناءشرافت نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منیارٹی کارڈ کا اجراءفلاحی ریاست کے قیام کی طرف ایک تاریخی قدم ہے جس سے پہلے مرحلے میں صوبہ کے پچاس ہزار خاندان مستفید ہونگے جنہیں سہہ ماہی دس ہزار پانچ سو روپے دیے جائیں گے۔