
لاہور۔10 فروری(اے پی پی ) وفاقی وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کسی کی خواہش پر نہیںگر ائی جا سکتی ہے،موجودہ حکومت اگلے پانچ سال بھی پورے گی، وہ گذ شتہ روز لاہور میوزیم میں معروف خطاط صادقین کی32 ویں برسی کے موقع پر لگائی گئی نمائش کے افتتاح کے بعد میدیا سے گفتگو کر رہی تھیں، شہبا ز شریف کو پی اے سی کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹائے جانے کے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ قواعد کی رو سے اپوزیشن لیڈر ہی چیئرمین ہوتا ہے،ہم نے اپوزیشن کوموقع دیا کہ وہ اپنا چیئرمین نامزد کرے لیکن کیا کیا جائے ،نیب زدہ لیڈر کو چیئرمین پی اے سی کے لیے نامزدکر دیا گیا، یہاں توایک ہی خاندان کے لوگوں کو آگے لایا جارہا ہے، حمزہ شہباز سے مریم نواز تک صرف اپنوں کو آگے لانے کی کوشش ہوتی ہے،شہبازشریف کو پی اے سی کی چیئرمین شپ سے مستعفیٰ ہوکر علیم خان کی طرح مثال قائم کرنی چاہیے۔زرتاج گل نے ایک سوال پر کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ملکی مفاد میں ضرورت اور وقت کے مطابق اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کر سکتی ہے ، یہ کوئی بادشاہت نہیں جمہوریت ہے جہاں ذاتی مفاد کو نہیں قومی مفاد کو سامنے رکھنا لازم ہوتا ہے، ایک استفسا ر پر انہوںنے کہا کہ حکومت کی سوچ میں کوئی ابہا م نہیں ہے۔