حیدر علی اپنی تکنیک بہتر کریں‘ ہر شارٹ جارحانہ انداز سے نہیں کھیلی جاسکتی ، سابق کپتان انضمام الحق

192
انضمام الحق
پی سی بی نے انضمام الحق کو قومی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کر دیا

اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ نوجوان بلے باز حیدر علی کو اپنے بیٹنگ کے انداز کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے‘ ہر شارٹ جارحانہ انداز سے نہیں کھیلی جاسکتی۔ جمعہ کو اپنے یو ٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ نوجوان بلے باز حیدرعلی جب بیٹنگ کے لئے جاتے ہیں تو ان کو ضرورت سے زیادہ جارحانہ نہیں ہونا چاہیے۔ حیدر علی نے ٹی 20 میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن انہیں اپنی بیٹنگ اور فیلڈنگ میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ انہیں سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہر شارٹ جارحانہ انداز سے نہیں کھیلی جاسکتی۔ انہیں اس حوالے سے بہتر انداز اپنانا چاہیے۔ انضمام الحق نے کہا کہ حیدر علی زمبابوے کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں تین چوکے لگانے کے باوجود جارحانہ شارٹ لگانے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ انضمام الحق نے کہا کہ میں یہ نہیں کہتا کہ حیدرعلی اپنا نیچرل بیٹنگ سٹائل چینج کریں بلکہ وہ اپنی تکنیک کو مزید مضبوط بنائیں۔حیدر علی کے بیٹنگ آرڈر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حیدر علی اس وقت انٹرنیشنل کرکٹ میں نئے ہیں لیکن انہیں اپنے کھیل کے انداز کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ وہ ایک اہم بیٹنگ آرڈرپر کھیلتا ہے۔ حیدر علی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیسرے نمبر پر اور ون ڈے میں نمبر چار پر کھیلتے ہیں جو سب سے اہم تصور کیا جاتا ہے۔ حیدر علی نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے خلاف اپنے ڈیبیو ٹی 20 میچ میں 50 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں اپنے کیریئر کے پہلے میچ میں اس کارکردگی کو نہ دہرا سکے۔ انہوں نے 29 رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔