حیسکو آپریشن، مزید 340 کنکشنز پکڑے گئے

86
Hesco

حیدرآباد۔ 08 جنوری (اے پی پی):حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) کا بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف حیسکو ریجن میں آپریشن 124 ویں روز بھی جاری رہا اور ادارے کو اب تک کل 10 ارب 11 کروڑ 73 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری ہوچکی ہے۔

حیسکو ترجمان نے پیر کو بتایا کہ انسداد بجلی چوری مہم کے تحت 24 گھنٹوں کے دوران بجلی چوری میں ملوث مزید 340 کنکشنز پکڑے گئے، جن میں 9 تجارتی اور331 گھریلو کنکشنز شامل ہیں جنہیں منقطع کرکے ان کو ایک لاکھ 50 ہزار 258 یونٹس کے ڈٹیکشن بلز جاری کئے گئے جن کی مالیت 41 لاکھ 48 ہزار 215 روپے بنتی ہے۔

ترجمان کے مطابق بجلی چوری میں ملوث 299 صارفین کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات کے اندراج کے لئے لیٹرز جمع کروائے گئے جن کے تحت 13 ایف آئی آرز درج ہوچکی ہیں۔ اب تک 21042 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے ہیں اور 191ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ایک ملازم کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا، جبکہ 3 ملازمین کو بھی گرفتار کیا گیا اور اب تک 41 ملازمین کو معطل کیا جاچکا ہے۔

اس کے علاوہ مجموعی طور پر 2375 مقدمات درج ہوچکے ہیں اور بجلی چوروں پر اب تک 43 کروڑ 73 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے۔